Friday, April 19, 2024

برازیلی سائنسدان پاکستان میں گاڑیوں کیلئے بائیو ایتھنال ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے خواہشمند

برازیلی سائنسدان پاکستان میں گاڑیوں کیلئے بائیو ایتھنال ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے خواہشمند
June 10, 2015
برازیلیا (ویب ڈیسک) برازیل میں کام کرنے والے پاکستانی نژاد سائنسدان پاکستانی گاڑیوں کیلئے بائیو ایتھنال ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے خواہش مند ہیں۔ ڈاکٹر الماس تاج اعوان زرعی سائنس کے شعبے میں ایک نامور تحقیق کار ہیں جو پچھلے سات برس سے برازیل میں تعینات ہیں جہاں ہر سال لاکھوں ٹنوں کے حساب سے مالٹے (اورنج) پیدا ہوتا ہے۔ ان کے تحقیقی کام کا محور مالٹے کے چھلکے سے بائیو ایتھنال بنانا ہے جسے پٹرول کا نعم البدل خیال کیا جاتا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ برازیل میں 70 سے 80 فیصد گاڑیاں ”فلیکس فیول“ پر چلتی ہیں اور یہاں کے لوگ پٹرول پمپ پر یہ دیکھنے آتے ہیں کہ آج پٹرول سستا ہے یا بائیوایتھنال پھر اسی حساب سے وہ اِن میں سے کسی متبادل ایندھن کو خرید کر استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چونکہ پاکستان میں ابھی یہ ٹیکنالوجی متعارف نہیں ہوئی اس لیے اس کی افادیت سے عام آدمی نابلد ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ہر قسم کے زرعی فضلے سے کوئی نہ کوئی کارآمد چیز بن سکتی ہے شرط تحقیق کی ہے۔ واضح رہے کہ برازیل پوری دنیا میں اورنج کا سب سے بڑا ایکسپورٹر ہے۔