Saturday, April 27, 2024

برازیل میں طوفانی بگولے نے تباہی مچا دی، 2افراد ہلاک 120زخمی

برازیل میں طوفانی بگولے نے تباہی مچا دی، 2افراد ہلاک 120زخمی
April 22, 2015
برازیل (ویب ڈیسک) جنوبی برازیل میں طوفانی بگولے نے تباہی مچادی ،سانتا قطرینہ میں دو افراد ہلاک ایک سو بیس زخمی اور ایک ہزار سے زیادہ بے گھر ہو گئے برازیل کے محکمہ موسمیات کے مطابق بگولے سے ہلاکتیں زانکسیرے کے علاقے میں ہوئیں  جہاں ایک شخص اپنے سات سالہ بیٹے کو بگولے سے محفوظ رکھنے کی کوشش میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھا اور امدادی کارکن پہنچے تو مرنے والے شخص کا بیٹا اس کی بانہوں میں تھا۔ الجیمار سوٹل نامی شخص کی اہلیہ اور تین ماہ کی بچی بھی زندہ بچ گئے دوسرا شخص بھی اسی علاقے میں موت کے منہ میں گیا۔ صرف پانچ منٹ تک برقرار رہنے والے بگولے سے  چھبیس سو سے زیادہ رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا جبکہ ایک ہزار افراد بے گھر ہو گئے۔ ساٹھ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوا اچانک بگولے میں تبدیل ہوئی اور ہر چیز کو ملیامیٹ کر دیا  اور بجلی کے پانچ ایسے کھمبے گر گئے جو دو سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوا کا دباؤ برداشت کر سکتے تھے۔ بگولے نے کسی کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور کاریں تک اڑا لے گیا، دو لاکھ آبادی والا قصبہ ملبے کا ڈھیر بن گیا۔