Thursday, April 18, 2024

برازیل اور پیراگوئے کے انجینئروں نے بجلی سے چلنے والا جہاز بنا لیا

برازیل اور پیراگوئے کے انجینئروں نے بجلی سے چلنے والا جہاز بنا لیا
June 24, 2015
برازیلیا (ویب ڈیسک) برازیل اور پیراگوئے کے انجینئروں کے تیار کردہ برقی توانائی سے چلنے والے جہاز نے کامیاب آزمائشی پرواز کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق طیارہ برازیل اور پیراگوئے کے انجینئروں نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے اور لاطینی امریکہ میں تیار کیا گیا یہ پہلا طیارہ ہے جو برقی توانائی سے چلتا ہے۔ طیارے نے برازیل پیراگوئے کی سرحد کے قریبی علاقے سے اڑان بھری اور صرف پانچ منٹ پرواز کے بعدکامیابی سے اتر گیا۔ دونوں ممالک کے ایوی ایٹر اور انجینئر اس آزمائشی پرواز پر بہت خوش ہیں اور اسے بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔ طیارے کی باڈی کاربن فائبر سے بنی ہے جبکہ پروں کی لمبائی آٹھ میٹر اور وزن چھے سو پچاس کلو گرام ہے جبکہ اس میں پائلٹ اور ایک مسافر کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ طیارے میں لیتھیم کی بیٹریاں استعمال کی گئی ہیں اور تین سو چالیس کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ڈیڑھ گھنٹے تک مسلسل پرواز کر سکتا ہے۔ انجینئروں نے کہا ہے کہ بجلی سے چلنے والی کاریں اور دیگر آلات بنانے کے بعد اب وہ برقی توانائی سے چلنے والے طیارے بنانے پر توجہ دے رہے ہیں اور دکھانا چاہتے ہیں کہ طیاروں اور بسوں میں فوسل فیول کا متبادل ایندھن استعمال ہو سکتا ہے۔