Thursday, April 25, 2024

برازیل، ارجنٹائن، پیراگوئے اور یوروگوئے میں شدید بارشیں، لاکھوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل، مٹی کے تودے گرنے سے چار افراد ہلاک

برازیل، ارجنٹائن، پیراگوئے اور یوروگوئے میں شدید بارشیں، لاکھوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل، مٹی کے تودے گرنے سے چار افراد ہلاک
December 30, 2015
برازیل (ویب ڈیسک) لاطینی امریکی ممالک برازیل، ارجنٹائن، پیراگوئے اور یوروگوئے میں شدید بارشوں کے سبب لاکھوں افراد گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے ہیں جبکہ ساؤپالو میں مٹی کے تودے گرنے سے چار افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ ارجنٹائن میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے ایک لاکھ سے زائد افراد کو فلڈ ریلیف کیمپوں میں منتقل کرنا پڑا ہے۔ اختتام ہفتہ ہونیوالی بارشوں سے جنوب مشرقی برازیل میں مٹی کے تودے میں دب جانیوالے آٹھ افراد میں سے چار کی نعشیں نکال لی گئی ہیں جن میں ماریسا مورشیلا نامی خاتون اور اس کی بہو بھی شامل ہیں۔ مورشیلا اپنی ایک سال کی پوتی کو بچاتے ہوئے ہلاک ہوئی۔ دوسری طرف برازیل میں ایک ہزار سے زائد خاندانوں کو فلڈ ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا جبکہ ارجنٹائن کے شمالی علاقے مکمل طور پر بارش کے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں جہاں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ حکام نے کنکورڈیا سمیت پانچ صوبوں کو آفت زدہ قرار دیدیا ہے۔ یوروگوئے میں گیارہ ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ پیراگوئے میں نوے ہزار افراد جبکہ البردی میں سات ہزار سے زائد علاقہ چھوڑ کر پناہ گزین کیمپوں میں موجود ہیں۔