Wednesday, May 8, 2024

بر اعظم افریقہ کو بھی پولیو فری قرار دینے کی تیاریاں مکمل

بر اعظم افریقہ کو بھی پولیو فری قرار دینے کی تیاریاں مکمل
August 26, 2020

جنیوا ( 92 نیوز) بر اعظم افریقہ کو بھی پولیو فری قرار دینے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ، ڈبلیو ایچ او کی جانب سے بر اعظم افریقہ کو پولیو فری قراردینے کا اعلان آج پریس کانفرنس میں کیا جائےگا،ادھر پاکستان کی انسداد پولیو مہم نے مقررہ ہدف کا 95 اعشاریہ تین فیصد حاصل کرلیا۔

چار سال قبل نائجیریا میں پولیو کا آخری کیس رپورٹ ہوا تھا،آج ڈبلیو ایچ او کی جانب سے پریس کانفرنس کی جائے گی جس میں بل گیٹس اس بڑی خبر کا اعلان کریں گے۔

ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ افریقہ میں18 لاکھ  بچوں کو اس وائرس سے بچایا گیا ہے ،اس جنگ میں حصہ لینے والے تمام افراد کو مبارکباد پیش کی جاتی ہے جنہوں نے ناممکن کو ممکن کردکھایا۔

براعظم افریقہ کا پولیو فری ہونا پولیو کے خلاف جاری عالمی مہم کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،اس وقت دنیا میں پاکستان اور افغانستان صرف دو ممالک ایسے ہیں جہاں پولیو کیسز موجود ہیں۔

پاکستان میں بھی پولیو کے خلاف مہم  زورو شور سے جاری ہے۔۔ملک میں ہر طبقہ فکر پاکستان کو پولیو فری  بنانے کے لئے کوشاں ہے،والدین بھی اپنے بچوں کی ویکسی نیشن کرارہے ہیں تاکہ ارض پاک سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہوسکے،لیڈی ہیلتھ ورکرز اور انسداد پولیو کی ٹیمیں بھی اپنی ذمہ داری بخوبی سرانجام دے رہی ہیں۔

اگر 30سال کی محنت اور عزم وحوصلہ کی وجہ سے افریقہ سے پولیو کا خاتمہ ہوسکتا ہے تو پاکستان میں کیوں نہیں، پاکستان کا عزم بھی ہے اور قومی ایجنڈا کا حصہ بھی بہت جلد پاکستان بھی پولیو فری ملک کی حیثیت سے عالمی منظر نامے پر نمودار ہوگا۔