Friday, April 19, 2024

بدعنوان عناصر کیخلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا، چئیرمین نیب

بدعنوان عناصر کیخلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا، چئیرمین نیب
August 25, 2020
لاہور (92 نیوز) چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے دو ٹوک اعلان کردیا۔ کہتے ہیں کہ نیب کا مقصد صرف اور صرف بدعنوانی کا خاتمہ ہے، بدعنوان عناصر کیخلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔ نیب لاہور میں چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں کرپشن سے متعلق کیسز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چئیرمین نیب کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سمیت دیگر کیخلاف شراب لائسنس انکوائری اور  تحقیقات میں پیش رفت بارے آگاہ کیا گیا۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس اور مریم نواز کیخلاف انکوائری میں پیش رفت کا بھی بتایا گیا۔ نیب لاہور نے سینئر صوبائی وزیر علیم خان، صوبائی وزیر سبطین خان، وفاقی وزیر خسرو بختیار، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، صوبائی وزیر انصر مجید خان نیازی، ایم پی اے غضنفر عباس چھینہ اور ملک کرامت  کھوکھر کی انکوائری سے متعلق بریفنگ دی۔ چیئرمین نیب نے قانونی معاملات میں مداخلت قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کیخلاف تادیبی کارروائی کی ہدایات بھی جاری کیں، دوسری جانب آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزم میں سابق وزیر خوراک پنجاب سمیع اللہ چودھری کو نیب ملتان نے طلب کرلیا، سمیع اللہ چودھری گندم اسکینڈل پر وزارت سے مستعفی ہوئے تھے۔