Monday, September 16, 2024

بحیرہ روم حادثہ ، ایک پاکستانی زندہ بچ گیا ، 17 جاں بحق،13تاحال لاپتہ

بحیرہ روم حادثہ ، ایک پاکستانی زندہ بچ گیا ، 17 جاں بحق،13تاحال لاپتہ
February 4, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) بحیرہ روم میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ پیش آنے  سے متعلق  وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ تاحال 32 پاکستانیوں میں سے ایک زندہ بچا ہے ۔  17 جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 13 کی لاشیں مل سکیں ، میاں، بیوی، بیٹے اور دو ماہ کی بیٹی سمیت 9 جاں بحق افراد کا تعلق گجرات سے ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کہتے ہیں نوجوان چمکتے سراب کے پیچھے نہ بھاگیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 31 جنوری کو لیبیا کے قریب سمندر بُرد ہونے والی کشتی میں 32 پاکستانی حادثے کا شکار ہوئے ان میں سے صرف دانیال رشید زندہ بچ سکا۔

تاحال 17 کا پتا چلا ہے۔  4 کی دستاویزات ملیں جبکہ 13 کی شناخت ہوسکی ہے  ، لاشیں طرابلس منتقل ہوچکیں۔ 19 بدقسمت پاکستانیوں کے بچنے یا لاشیں ملنے کی امید بہت کم ہے ۔

دفتر خارجہ کے مطابق 9 افرادکا تعلق گجرات ،  4 کا منڈی بہاﺅالدین سے ہے ۔ راولپنڈی اور سرگودھا سے ایک ایک جبکہ 2 افراد کا تعلق واضح نہیں ہوسکا۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا سانحہ انتہائی تکلیف دہ ہے ۔ غیر قانونی طریقے سے کبھی بیرون ملک نہ جائیں ۔

گجرات کے بد قسمت خاندان میں سے محمد اسماعیل اور اہلیہ عظمت بی بی کی لاشیں مل گئیں تاہم چار سالہ بیٹے سعد علی اور دو ماہ کی ننھی پری تاحال لاپتا ہیں ۔

ڈاکٹر فیصل نے یقین دلایا کہ پاکستانی مشن 24 گھنٹے مصروف ہے۔ ایک ہفتے میں لاشیں وطن لائی جا سکیں گی ۔

وزارت خارجہ نے لواحقین سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ خاندان لیبیا میں پاکستانی ناظم الامور محمد اسلام سے فون نمبروں

9663346-91-00218 اور 3402246-91-00218  پر رابطہ کریں ۔  تازہ ترین صورتحال سے آگہی کیلئے وٹس ایپ  7968635-332-0092 پر رابطہ کریں ۔