Thursday, May 9, 2024

بحریہ یونیورسٹی میں بحری معیشت اور ملکی سلامتی کیلئے اسکی افادیت پر سیمینار

بحریہ یونیورسٹی میں  بحری معیشت اور ملکی سلامتی کیلئے اسکی افادیت پر سیمینار
January 28, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز (نیما) بحریہ یونیورسٹی میں بحری معیشت اور ملکی سلامتی کیلئے اسکی افادیت پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

وفاقی وزیر برائے پٹرولیم ڈویژن عمر ایوب نے سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کیونکہ ملک کی تجارت اور ملکی سلامتی اس سے بہت زیادہ وابستہ  ہیں ، اس لئے  اس شعبے کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو سمجھنے اور دور کرنے کیلئے  ماہرین، پالیسی سازوں اور تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد کو ایک جگہ اکٹھا کرنے پر نیما کا خصوصی شکریہ اداکرتے ہیں ۔

وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) عبدالعلیم ہلال امتیاز (ملٹری) ڈائریکٹر جنرل نیما نے اپنے خطاب میں بحری معیشت کے فروغ اور ملکی سلامتی کیلئے اسکی افادیت پر روشنی ڈالی،   انھوں نے کہا کہ بحری راستوں کی حفاظت بہت ضروری ہے کیونکہ دنیا کی 90فیصد تجارت بحری گزر گاہوں سے ہی ہوتی ہے۔

سابق وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر گل فراز احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ مستقبل میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے بحری گزرگاہوں کی حفاظت بہت ضروری ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ)  اشفاق ندیم احمد نے مجموعی طور پر ملکی سلامتی اور توانائی کے شعبے کے استحکام کی افادیت پر اظہار خیال کیا۔ 

وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) افتخاراحمد راؤ ہلال امتیاز (ملٹری) نے بحری تجارت کے قومی توانائی تحفظ میں اہم کردار کو اجاگر کیا ۔ ڈاکٹر خرم اقبال ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ بین الاقوامی تعلقات نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی نے بحری معیشت کے قومی سلامتی پر اثرات پر روشنی ڈالی۔

سیمینار میں تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد، متعلقہ شعبے سے وابستہ ماہرین، حکومتی نمائندگان اور میڈیا سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔