Friday, May 17, 2024

بحریہ ٹاون پلاٹ منتقلی سے متعلق کیس میں ڈی ایچ اے کو نوٹس جاری

بحریہ ٹاون پلاٹ منتقلی سے متعلق کیس میں ڈی ایچ اے کو نوٹس جاری
December 6, 2018
اسلا آباد (92 نیوز) بحریہ ٹاون پلاٹ منتقلی سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ نے ڈی ایچ اے کو نوٹس جاری کر دیا۔ چیف جسٹس نے بحریہ ٹاؤن پلاٹس ٹرانسفر سے متعلق کیس میں ریمارکس میں کہا آج تک الاٹمنٹ لیٹر کے ذریعے جو پلاٹس ٹرانسفر ہوئے وہ غیر قانونی ہیں۔ سیل ڈیڈ کی رجسٹریشن کی جو فیس بنتی ہے وہ جمع کروائیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے بحریہ ٹاون نے پلاٹ منتقلی فیس کی مد میں 14 ارب روپے الاٹئز سے اکھٹے کیے ہیں۔ اتنا پیسہ کدھر گیا؟؟؟؟ ۔ کیوں نہ نوٹس دیکر تمام رقم وصول کی جائے۔ چیف جسٹس نے کہا پلاٹ کی رجسٹری ہونی چاہیے۔ بحریہ ٹاون کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق جو ادائیگی ہوگی وہ کریں گے۔ ڈی ایچ اے میں بھی پلاٹس کے تبادلے اسی میکنزم  کے تحت ہوتے ہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ بحریہ ٹاون  ایک لمیٹڈ کمپنی  ہے۔ کو آپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی میں جو استثنی  ہے وہ لمیٹڈ کمپنی کو حاصل نہیں۔ منصف اعلی نے کہا بحریہ ٹاون اندر ہی اندر ساری کارروائی کرتا ہے۔ بحریہ ٹاون نے آج تک الاٹمنٹ لیٹر کے ذریعے جو ٹرانسفر کی وہ غیر قانونی ہیں۔ یہ کارروائی صرف بحریہ ٹاون کیخلاف نہیں۔ سب کیلئے  ایک قانون ہونا چاہیے۔  پنجاب کی ہاوسنگ سوسائٹیز کے دوسال کے واجبات 76 کروڑ روپے بنتے ہیں۔ عدالت نے ڈی ایچ اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پلاٹ منتقلی فیس کی تفصیلات  طلب کر لیں اور قرار دیا اگر عدالت نے کہہ دیا کہ پلاٹ کی الاٹمنٹ سیل ڈیڈ کے ذریعے ہو گی تو اطلاق سب پر ہو گا۔ کیس کی سماعت 13 دسمبر کو دوبارہ ہو گی۔