Wednesday, April 24, 2024

بحریہ ٹاون سے زمینوں کی ٹرانزیکشن اور منتقلی کا تمام ریکارڈ کل طلب

بحریہ ٹاون سے زمینوں کی ٹرانزیکشن اور منتقلی کا تمام ریکارڈ کل طلب
October 26, 2018
کراچی (92 نیوز) چیف جسٹس نے بحریہ ٹاؤن سے زمینوں کی ٹرانزیکشن اور منتقلی کا تمام ریکارڈ کل تک طلب کر لیا۔ سپریم کورٹ کراچی میں بحریہ ٹاون کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ آج کل کراچی میں ہاوسنگ اسکیمز، باالخصوص بحریہ ٹاون سے متعلق خاصی شکایات آرہی ہیں، سنا ہے بحریہ ٹاون پرائیوٹ لمیٹڈ بنا کر زمینوں کی ٹرانزیکشن کر رہا ہے اور ٹرانزیکشن کی مد میں اربوں روپے کمائے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ بتایا جائے زمینوں کی ٹرانزیکشن، منتقلی سے کتنا سرمایہ بنایا اور قومی خزانے میں کتنی رقم جمع کرائی؟۔ عدالت نے بحریہ ٹاون کو پانچ کمرشل زمینوں کی ٹرانزیکشن کا ریکارڈ بطور نمونہ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کل تک تمام ریکارڈ طلب کر لیا۔ ادھر چھ سے زائد منزلہ عمارتوں کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تو شہری وینو ایڈوانی نے موقف پیش کیا کہ ملیر و دیگر مقامات پر تیرہ، تیرہ منزلہ عمارتیں بنائی جارہی ہیں۔ وکیل نے جواب دیا کہ ڈی ایچ اے اور کنٹونمنٹ بورڈز عدالتی فیصلے پر عمل کررہے ہیں، حلفیہ کہتے ہیں چھ سے زائد منزلہ عمارت تعمیر نہیں کی جارہی۔ عدالت نے شہری کو شواہد پیش کرنے کا حکم دیدیا۔