Wednesday, April 24, 2024

بحریہ ٹاؤن کو الاٹیزسے ملنے والی رقم عدالت کے اکاؤنٹ میں جمع کرانے کا حکم

بحریہ ٹاؤن کو الاٹیزسے ملنے والی رقم عدالت کے اکاؤنٹ میں جمع کرانے کا حکم
November 14, 2018
|اسلام آباد ( 92 نیوز ) سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کو الاٹیز سے ملنے والی تمام رقم عدالت کے اکاؤنٹ میں جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ وصول کی گئی 80 فیصد اقساط کی رقم سے اخراجات کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا۔  سندھ حکومت نے  نیب کو تعاون  کی ہدایت بھی کر دی ۔ ۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت سے سی ڈی اے کو بحریہ انکلیو موضع کری میں سرکاری اراضی واگزار کرانے کی اجازت مل گئی۔ بحریہ ٹاؤن کراچی میں عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کیس کی سماعت میں جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ درخواست سے تاثرملتا ہے کہ نکاح ہو گیا رخصتی نہیں ہو گی۔ عدالت نے بحریہ ٹاؤن کی نیب کے خلاف درخواست نمٹا دی۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا نیب سندھ حکومت کے عدم تعاون کی شکایت کر رہا ہے ،  نیب نے طلبی کے نوٹس دیے ہیں شادی کی دعوت نہیں۔ نیب کو معلوم ہونا چاہیے کسی کو کیسے بلانا ہے۔ بہتر ہو گا سندھ حکومت نیب سے تعاون کرے۔ بحریہ ٹاؤن کے وکیل نے کہا کہ عدالت میں جمع کرائے گئے 5 ارب روپے واپس کیے جائیں،اس پر جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہا عبوری فیصلے کے بعد جورقم بحریہ نے لی 5 ارب روپے اس کے بدلے رکھیں گے۔ وکیل علی ظفر نے کہا جو پیسہ عبوری حکم کے بعد ملا وہ خرچ کر چکے ہیں اس پر جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ  اگر پیسہ خرچ ہو چکا تو حساب دیں ۔  کیس کی سماعت  22 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔ دوسری جانب اسلام آباد کی مقامی عدالت نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے سی ڈی اے کو بحریہ انکلیو موضع کری میں 510 کنال چھ مرلے سرکاری اراضی پر قبضہ واگزار کرانے کی اجازت دے دی۔