Friday, April 26, 2024

بحریہ ٹاؤن کراچی فیصلے پر عملدرآمد کیس ، الاٹیوں سے وصولیوں کی تفصیلات طلب

بحریہ ٹاؤن کراچی فیصلے پر عملدرآمد کیس ، الاٹیوں سے وصولیوں کی تفصیلات طلب
November 29, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کراچی فیصلے پر عملدرآمد کیس میں الاٹیوں سے وصولیوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ بحریہ ٹاون کراچی فیصلے پر عملدرآمد  کیس کی سماعت جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ بحریہ ٹائون کراچی نے ہاوسنگ سوسائٹی کا مکمل لے آئوٹ پلان عدالت میں جمع کرادیا۔ الاٹیز سے وصولیوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پرجسٹس عظمت سعید نے شدید برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا بحریہ ٹاون نے تفصیلات  فراہم نہیں کرنی تو بتا دے۔ عدالت کسی تیسرے فریق سے آڈٹ  کرالے گی۔ دوران سماعت جسٹس شیخ عظمت سعید کا کہنا تھا کہ بحریہ ٹاون کوئی اور کام کر لے یا دکان چلا لے۔ پیار سے کہتے ہیں عدالت کے حکم پر عمل کریں۔ بحریہ ٹائون  نے جو پلاٹس بیچے ہیں انکے ثبوت فراہم کرے۔ اعتزازاحسن  سے مکالمہ کرتے ہوئے جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ آپ اور آپکے موکل اس وقت رسک پر ہیں۔ اس پر اعتزاز احسن  نے کہا کہ بحریہ ٹاون کسی قسم کے رسک پر نہیں۔ جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا کہ آخر سات ہزار سے 12 اور 18 ہزار ایکڑ زمین کیسے ہو گئی؟۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کل رقبہ  16700 ایکڑ ہے۔ 4622 ایکڑ اضافی رقبہ ہے۔ اس پر جسٹس عظمت سعید نے کہا بتائے گئے رقبے سے ایک انچ باہر ہوا تو بلڈوزر چلے گا۔ ہمیں ایکشن لینے پر مجبور نہ کریں ۔ سروے جنرل آف پاکستان اور سپارکو نے رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔ کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔