Thursday, April 25, 2024

بحریہ ٹاؤن نے سپریم کورٹ کو 485 ارب روپے دینے کی نئی پیشکش کر دی

بحریہ ٹاؤن نے سپریم کورٹ کو 485 ارب روپے دینے کی نئی پیشکش کر دی
March 12, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) بحریہ ٹاون نے کراچی، راولپنڈی اور مری کے منصوبوں کیلئے سپریم کورٹ کو 485 ارب روپے کی نئی پیشکش کر دی۔ تخت پڑی میں گیارہ سو ستر کنال اراضی قبضہ کیس میں نیب ریفرنس تیار ہوا تو پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض 23 ارب دینے کو تیار ہو گئے جبکہ مری منصوبہ کیلئے 22 ارب کی تحریری پیشکش کر دی۔ بحریہ ٹاؤن نے مری، راولپنڈی اور کراچی میں زیر قبضہ زمین کیلئے نئی تحریری پیشکش سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے۔ تینوں منصوبوں کیلئے 485 ارب کی نئی آّفر کر دی۔ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی پیش کش کے مطابق بحریہ ٹاؤن صرف کراچی سپر ہائی وے منصوبہ کیلئے 440 ارب دینے کیلئے تیار ہے۔ سپریم کورٹ کو بتایا گیا کہ بحریہ ٹاون 485 ارب 8 سالوں میں ادا کرے گا۔ پیشکش کی منظوری میں پہلی قسط 20 ارب روپے کی ہو گی۔ پہلےپانچ سال کے لئے ماہانہ 2 ارب ادا کیے جائیں گے جبکہ باقی تین برسوں میں 8 ارب تینتیس کروڑ روپے کی ماہانہ اقساط ادا کی جائیں گی۔ تحریری پیشکش میں بحریہ ٹاؤن نے بتایا کہ چار ارب ستر کروڑ روپے سندھ حکومت کو ادا کیے جا چکے ہیں۔ 10 ارب 75 کروڑ روپے سپریم کورٹ کے پاس پہلے سے ہی جمع ہیں۔ بحریہ ٹاؤن کیس کی سماعت کل سپریم کورٹ میں ہو گی۔