Monday, May 13, 2024

بحریہ ٹاؤن عملدرآمد کیس، منصوبوں کیلئے 50 ارب کی پیشکش پر فریقین کو نوٹس جاری

بحریہ ٹاؤن عملدرآمد کیس، منصوبوں کیلئے 50 ارب کی پیشکش پر فریقین کو نوٹس جاری
April 23, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن راولپنڈی اور مری سے متعلق عملدرآمد کیس میں دونوں منصوبوں کیلئے 50 ارب کی پیشکش پر تمام فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔

 سپریم کورٹ نے بحریہ ٹائون کی جانب سے پچاس ارب کی پیشکش پر پنجاب حکومت، نیب، محکمہ جنگلات تحفظ ماحولیات ایجنسی، کمشنر راولپنڈی کو نوٹس جاری کر دیئے۔ تمام متعلقہ حکام کو حاضری یقینی بنانے کا حکم بھی دے دیا۔  

 عدالت نے بحریہ ٹائون کراچی کے حوالے سے ملک ریاض اور اہلخانہ کو بیان حلفی کے ہمراہ رجسٹرار کے پاس پیش ہونے کا حکم دیا۔ علی ریاض ملک کی حاضری سے استثنی کی استدعا مسترد کر دی گئی۔

 وکیل اظہر صدیق نے کہا کراچی کیس میں 460 ارب کی بھاری رقم کی خبر عام ہونے سے علی ریاض ملک کو شدید سکیورٹی خدشات ہیں۔ ان کا  بیان حلفی دوبئی یا لندن سفارتخانے میں دینے کی اجازت دی جائے۔ اس پر جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ جب درخواست آئی تب جائزہ لینگے۔

 جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس میں کہا فیصلے پر صرف عملدرآمد کرانا ہے، دلائل نہیں سنیں گے۔ وکیل اعتزاز احسن نے کہا میڈیا ٹائون، پاکستان ٹائون، جوڈیشل ٹائون سمیت کئی منصوبے جنگلات کی زمین پر ہیں۔

اس پر جسٹس عظمت سعید بولے ڈی ایچ اے کا نام کیوں نہیں لیتے؟ وکیل بحریہ ٹائون طارق رحیم نے کہا کہ ڈی ایچ اے شاملات کی زمین پر ہے۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا جس نے بھی قبضہ کیا اس سے نمٹ لینگے ۔ کیس کی سماعت 14 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔