Wednesday, May 8, 2024

بحریہ ٹاؤن عملدرآمد کیس ، سپریم کورٹ نے پلاٹوں کی مکمل تفصیل ایک ہفتے میں طلب کرلی

بحریہ ٹاؤن عملدرآمد کیس ، سپریم کورٹ نے پلاٹوں کی مکمل تفصیل ایک ہفتے میں طلب کرلی
February 14, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) بحریہ ٹاؤن عملدرآمد کیس میں سپریم کوٹ نے پلاٹوں کی مکمل تفصیلات ایک ہفتے میں طلب کر لیں ۔ سپریم کورٹ میں بحریہ ٹاؤن عملدرآمد کیس کی سماعت ہوئی ، نجی مارکیٹنگ کمپنیوں کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے  ۔ نامکمل جواب جمع کرانے پر عدالت برہم ہو گئی ۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ سیدھے سے کہا تھا کہ تفصیلات فراہم کر دیں ، اگر عدالت سے تعاون نہیں کرنا تو ہم  معاملہ نیب کو بھجوا دیتے ہیں ، اس کےبعد  نیبجانیں اور کمپنی مالکان ۔ دوران سماعت نجی مارکیٹنگ کمپنی کا مالک روسٹرم پر آ گیا تو جسٹس عظمت سعید نے اس کی خوب سرزنش کی اور کہا کہ آپ کی جرات کیسے ہوئی عدالت سے براہ راست بات کرنے کی، اب ایک لفظ بھی بولا تو جیل بھیجوا دینگے،بہت سارے لوگوں کو غلط فہمی ہے جو دور ہو جائے گی ۔ بحریہ ٹاؤن  کے وکیل علی ظفر نے عدالت کو بتایاکہ 405 ارب کی ادائیگی 12 سال میں کی جائے گی ۔ اس پر جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے 405 ارب  کی  رقم بارہ سال میں تین گنا ہو جائے گی ، رقم کی موجودہ قدر و قیمت کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔آپ نے عدالت میں قبضے کا اعتراف کیا اور شرمندہ بھی نہیں ہوئے ، وقت آ گیا ہے کہ کیس کا فیصلہ کریں۔ جسٹس عظمت سعید  کے استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ریفرنس تیار ہو گئے ہیں جلد کراچی میں دائر ہو جائیں گے ،  اس کے علاوہ چار اور ریفرنسز بھی دائر کیے جائیں گے۔ عدالت نے نجی مارکیٹنگ کمپنیوں کو تفصیلات جمع کرانے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی۔