Friday, April 19, 2024

بحری سرحدوں کی حفاظت کا عزم لئے 68 کیڈٹس پاک بحریہ کا حصہ بن گئے

بحری سرحدوں کی حفاظت کا عزم لئے 68 کیڈٹس پاک بحریہ کا حصہ بن گئے
December 19, 2015
کراچی (92نیوز) سعودی نیول فورسز کے کمانڈر رائل وائس ایڈمرل عبداللہ سید السلطان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے مراسم اور مضبوط مذہبی ، ثقافتی اور تاریخی تعلقات قائم ہیں۔ ہم پاکستان کو سعودی عرب کا قریب ترین دوست سمجھتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وائس ایڈمرل عبداللہ سید السلطان پاکستان نیول اکیڈمی میں پاک بحریہ کے آفیسرز کی 104ویں کمیشننگ ٹرم اور 13ویں شارٹ سروس آفیسرز کورس کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر علاقائی تعاون کے فروغ اور عالمی امن و استحکام کے قیام کے خواہاں ہیں۔ کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز نے مزید کہا کہ پاک بحریہ اور فورسزکے درمیان میری ٹائم سے متعلقہ معاملات پر وسیع تعاون پایا جاتا ہے۔ دوطرفہ بحری مشق ”نسیم البحر‘ ‘ کا باقاعدہ انعقاد اس حقیقت کا واضح ثبوت ہے۔ پاکستان نیول اکیڈمی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا ءاللہ نے مہمان خصوصی کا خیرمقدم کیا۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کمانڈنٹ نے آفیسرز کو دی جانے والی تربیت کے نمایاں پہلووں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حاضرین کو آگاہ کیا کہ کمیشننگ ٹرم 68مڈشپ مین پر مشتمل ہے جس میں 46کا تعلق پاکستان اور 22کا تعلق بحرین اور لیبیا سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شارٹ سروس کمیشن کے 20آفیسرز نے بھی آج کمیشن حاصل کیا ہے۔