Friday, April 26, 2024

بجٹ کی تشکیل، فنڈز کی فراہمی میں نظرانداز کئے جانے پر بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا

بجٹ کی تشکیل، فنڈز کی فراہمی میں نظرانداز کئے جانے پر بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا
June 17, 2015
کوئٹہ (92نیوز) بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ کی تشکیل، فنڈز کی فراہمی اور قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل میں نظرانداز کئے جانے پر آج صوبائی اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ حکومت ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل اور امن وامان کی بہتری میں ناکام ہوچکی ہے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے اپوزیشن جماعتوں اے این پی اور بی این پی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اراکین کے حلقوں میں ترقیاتی فنڈز ہی نہیں دیئے گئے۔ جہاں فنڈز دیئے گئے وہ حکومتی حمایت یافتہ غیرمنتخب لوگوں کے ذریعے خرچ کرائے جارہے ہیں۔ بجٹ سمیت تمام اہم فیصلوں میں اپوزیشن کو نظراندا ز کیا گیا۔ قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل میں بھی اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ پبلک اکاونٹس قائمہ کمیٹی اپوزیشن کو اس لئے نہیں دی گئی کہ وہ جمہوریت کے دعوے کرنے والی حکومت کے پول کھول دے گی۔ انیس کمیٹیوں میں سے صرف دو کمیٹیوں کے چیئرمین کے عہدے اپوزیشن کو دیئے گئے، یہ عمل غیرآئینی ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ حکومت امن وامان کی بہتری میں ناکام ہوچکی ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس سے پہلے عام شہری قتل ہورہے تھے جبکہ اے پی سی کے بعد پولیس اہلکاروں کی بھی ٹارگٹ کلنگ شروع ہوگئی۔ یہ اے پی سی کابلوچستان کےلئے تحفہ ہے۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر اپوزیشن نے بلوچستان اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔