Wednesday, April 24, 2024

  بجٹ میں سگریٹس ،گھی ،مشروبات اور چینی پر ٹٰیکس بڑھانے کا فیصلہ،وی آئی پیز کو دی گئی ٹیکس چھوٹ بھی ختم کرنیکی تجویز 

   بجٹ میں سگریٹس ،گھی ،مشروبات اور چینی پر ٹٰیکس بڑھانے کا فیصلہ،وی آئی پیز کو دی گئی ٹیکس چھوٹ بھی ختم کرنیکی تجویز 
June 4, 2015
اسلام آباد(92نیوز)قومی اسمبلی میں کل پیش ہونے والے بجٹ میں سگریٹس، گھی ، مشروبات اورچینی پرٹیکس بڑھانے کا فیصلہ کرلیا گیا، وی آئی پیز کو دی گئی ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز پیش کردی گئی۔ ارکان پارلیمنٹ اور غیرملکی سفیروں کو بھی ٹیکس ادا کرنا پڑسکتا ہے، بزنس کلاس کو ایئرٹکٹس پراضافی  ٹیکس دینا پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اگلے بجٹ میں عام استعمال کی اشیا پر ٹیکس بڑھانے کی تجویزکو حتمی شکل دے دی ہے۔ بجٹ میں سگریٹس، گھی ، مشروبات اور چینی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بجٹ تجاویز کے مطابق بزنس کلاس ایئرٹکٹس پر 10 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ پانچ برآمدی شعبوں پر ودہولڈنگ  ٹیکس کی شرح 5 فیصد اور ڈیری مصنوعات کو دی گئی ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اگلے بجٹ میں وی آئی پیز کو دی گئی ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویزکو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اراکین پارلیمنٹ اورمنتخب نمائندوں کو دی گئی ٹیکس چھوٹ بھی ختم کردی جائے گی۔ غیرملکی سفیروں اوراہم شخصیات کو دوطرفہ بنیادوں پر ٹیکس چھوٹ دینےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔  سفارتخانوں کی دکانوں پرمقامی اشیا کی فروخت کی تجویز پیش کی گئی ہے جن پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔ بجٹ تجاویز کے مطابق سفارتخانوں کی دکانوں کی رقوم بنکوں کے ذریعے ٹرانسفر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہوائی جہاز سے درآمد کیے گئے سامان پر ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے منگوائے گئے سامان کی کمپیوٹرائزڈ اسیسمنٹ کی جائے کیونکہ ہوائی جہازوں سے درآمد کیے گئے سامان سے ٹیکس چوری ہورہا ہے۔ بیشتر سامان کمپیوٹرائزڈ طریقے سے گودام میں ٹرانسفر نہیں کیاجاتا جس کی وجہ سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔