Saturday, April 20, 2024

بجٹ غیرمعمولی حالات میں پیش کیا گیا، شاہ محمود قریشی

بجٹ غیرمعمولی حالات میں پیش کیا گیا، شاہ محمود قریشی
June 13, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اپوزیشن کے غیرسنجیدہ رویے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ غیرمعمولی حالات میں پیش کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی ویڈیو پیغام میں کہتے ہیں کورونا وباء نے دنیا کی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے، جی ڈی پی آمدن میں جو خسارا ہوا ہے وہ 3000 ارب کا ہے، معیشت کا پہیہ رک جانے کی وجہ ہمارے محصولات میں 800 ارب روپے کی کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جولائی سے مارچ تک ہماری برآمدات میں اضافہ ہوا، مارچ سے جون تک کورونا کی وجہ سے برآمدات میں تیزی کے ساتھ کمی آئی۔ ماضی کی حکومتوں کے لیے ہوئے قرضہ جات پر سود کی ادائیگی میں بجٹ کا بڑا حصہ صرف ہوتا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے یہ قرضے نہیں لیے، ہمیں ماضی کی حکومتوں کے لیے ہوئے قرضوں کی ادائیگیاں کرنا ہیں۔ وزیرخارجہ بولے کہ جی 20 اور پیرس کلب نے ہمیں کچھ رعایت دی ہے، ہماری توجہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی طرف مرکوز ہے۔ ہم مزید رعایت کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔ بجٹ میں حکومت نے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، نہ ہی عوام پر بے جا بوجھ ڈالا گیا۔ بجٹ میں ماضی کے بوجھ کو ہلکا کرنے کی کوشش کی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل سے نبرد آزما ہونے کیلئے 10 ارب مختص کیے ہیں۔ زرعی شعبے کیلئے 50 ارب کی ایک اور رقم مختص کی گئی ہے، ہندوستان کے عزائم کو جاننے کے باوجود، دفاعی اخراجات کی مد میں بھی اضافہ نہیں کیا۔ افواج پاکستان نے معاشی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے بے پناہ تعاون کیا ہے۔