Thursday, April 18, 2024

بجٹ آیا، مہنگائی کا طوفان لایا....گھی، چائے، سگریٹس، دودھ، دہی، منرل واٹر، سافٹ ڈرنکس، موبائل فونز، کاسمیٹکس، ایئر ٹکٹس، الیکٹرانکس، سائنسی آلات مہنگے

بجٹ آیا، مہنگائی کا طوفان لایا....گھی، چائے، سگریٹس، دودھ، دہی، منرل واٹر، سافٹ ڈرنکس، موبائل فونز، کاسمیٹکس، ایئر ٹکٹس، الیکٹرانکس، سائنسی آلات مہنگے
June 6, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے بجٹ کی پٹاری کھول دی۔ عوام کےلئے وہی الفاظ کا گورکھ دھندا اورسرمایہ کاروں کےلئے مزید مراعات۔ عوام کی سمجھ میں نہ آنے والے بجٹ میں سگریٹس، مشروبات، ایئرٹکٹس، منرل واٹر، دودھ، دہی اور موبائل فونزمہنگے کردیئے گئے ہیں۔ حد تو یہ ہے کہ خواتین کوسجنا سنورنا بھی مہنگا پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جہاں اگلے بجٹ میں کاروباری اور صنعتی افراد کو ٹیکس ریلیف فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے وہاں روزمرہ استعمال کی عام اشیاءمہنگی کردی گئی ہیں۔ ایف بی آر نے اگلے بجٹ میں 132 ارب روپے کے ایس آر اوز ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے سٹیل میلٹرز اور ری رولرز پر اضافی ٹیکس لگانے سے سریہ مہنگا ہونے کا خدشہ ہے۔ اگلے بجٹ میں اضافی ٹیکسز لگنے سے موبائل فونز اور ڈیری مصنوعات بھی مہنگی کردی گئی ہیں، ڈبہ بند دودھ اور دہی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا ہے۔ ہوائی جہاز کے ٹکٹس بھی مہنگے کردیے گئے ہیں جبکہ خواتین کےلئے بری خبر یہ ہے کہ کاسمیٹکس مصنوعات پر 16 فیصد اضافی ٹیکس لگادیا گیا ہے۔ منرل واٹر پر سیلز ٹیکس کی شرح 9 فیصد سے بڑھا کر 12 فیصد کردی گئی۔ سگریٹس پر ایکسائز ڈیوٹی 58 فیصد سے بڑھا کر 63 فیصد کردیا گیا ہے۔ گھی اور خوردنی تیل پر دو فیصد اضافی ٹیکس لگانے سے قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ ایکسچینج کمپنیوں سے رقم وصولی پر 0.15 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔ تجارتی، صنعتی اور سائنسی آلات کرائے پر دینے پر 10 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کیا جائے گا۔