Saturday, May 18, 2024

بجٹ 2015-16ء: دفاع کیلئے 772ارب، ترقیاتی منصوبوں کیلئے 580ارب روپے مختص کئے جائیں گے، بجٹ خسارہ 4.3فیصد، معاشی شرح نمو کا ہدف 5.5فیصد مقرر کرنے کی سفارشات

بجٹ 2015-16ء: دفاع کیلئے 772ارب، ترقیاتی منصوبوں کیلئے 580ارب روپے مختص کئے جائیں گے، بجٹ خسارہ 4.3فیصد، معاشی شرح نمو کا ہدف 5.5فیصد مقرر کرنے کی سفارشات
May 26, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزارت خزانہ کے حکام نے اگلے بجٹ کےلئے اہم اعداد وشمار کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بجٹ اسٹریٹیجی پیپر تیار کر لیا ہے، جو آج وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ کابینہ کے اجلاس کی صدارت وزیر اعظم نواز شریف کریں گے۔ بجٹ میں دفاع کےلئے سات سو بہتر اور ترقیاتی منصوبوں کےلئے پانچ سو اسی ارب روپے مختص کرنے کی سفارش پیش کردی گئی ہے۔ حتمی منظوری وزیراعظم نواز شریف آج وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دیں گے۔ کابینہ کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سکیورٹی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ بجٹ اسٹریٹیجی پیپر کے اہم نکات کے مطابق اگلے بجٹ میں ایف بی آر کا ٹیکس ہدف 3100 ارب روپے مقرر کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے جبکہ مہنگائی کا ہدف 6 فیصد مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دفاع کےلئے 772 ارب روپے روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ بجٹ خسارہ 4.3 فیصد اورمعاشی شرح نمو کا ہدف 5.5 فیصد مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ترقیاتی بجٹ کےلئے 580 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ وزارت خزانہ نے اگلے بجٹ میں بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کےلئے 107 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش کی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کےلئے اضافی اخراجات مختص کرنے کا فیصلہ گیا ہے جبکہ جنگ متاثرین کی بحالی کےلئے خصوصی فنڈز مقرر کرنے کی سفارش بھی شامل ہے۔