Sunday, May 19, 2024

بجٹ 16-2015: جنوبی پنجاب کو ایک بار پھر لالی پاپ دیدیا گیا

بجٹ 16-2015: جنوبی پنجاب کو ایک بار پھر لالی پاپ دیدیا گیا
June 12, 2015
لاہور(92نیوز)پنجاب کے بجٹ میں ایک بار پھر لیگی حکومت جنوبی پنجاب کے باسیوں کو لالی پاپ دینے میں کامیاب نظر آرہی ہے ، بجٹ میں صرف ایک سو پچاس ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ وزیرخزانہ پنجاب ڈاکٹر عائشہ غوث کہتی ہیں کہ جنوبی  پنجاب کے لئے مختص کئے گئے فنڈز آبادی کے تناسب سے کہیں زیادہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایک طرف تو پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کے دعوے کئے جاتے ہیں  جبکہ دوسری طرف پنجاب حکومت نے پسماندہ علاقے جنوبی پنجاب کو بجٹ میں جو حصہ دیاوہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے۔ بجٹ میں جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کاموں اور مختلف منصوبوں کے لئے چھبیس ارب روپے مختص کئے گئے ہیں  جن میں ملتان میں  میٹرو بس کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ پینے کا پانی جہاں انسان اور جانور ایک ہی جوہڑ سے پیتے ہیں وہاں پانی کے مسائل کے حل کے لئے صرف  تیس ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ایک سو پچاس ارب سے بہاولپور میں قائداعظم سولر پارک بھی قائم کیا جائے گا ،  سرسٹھ ارب پچاس کروڑ سٹرکوں کی تعمیر اور  یونیورسٹیوں سمیت دیگر تعلیمی اداروں پر خرچ کئے جائیں گے۔ جنوبی پنجاب سے غربت بھی ختم ہو جائے گی کیونکہ جبونی پنجاب میں  چار ارب روپے غربت کے خاتمے کے لئے بھی رکھے گئے ہیں آئے سال سیلاب سے تباہ ہونے والوں کی بحالی کے لئے دس ارب ساٹھ کروڑ روپے ہیں جبکہ ایک ارب تیس کروڑ روپے چولستان میں وزیراعلیٰ پیکیج کے تحت خصوصی ترقیاتی پروگرام کے لئے بھی مختص کئے گئے ہیں ۔