Saturday, April 20, 2024

بجلی کے بے ہنگم تار سروں پر موت کی طرح جھولنے لگے

بجلی کے بے ہنگم تار سروں پر موت کی طرح جھولنے لگے
July 31, 2019
فیصل آباد ( 92 نیوز) فیسکو حکام کی عدم توجہی کے باعث فیصل آباد میں بجلی  کے  بے ہنگم تار شہریوں کے سروں پر موت کے سایے کی طرح منڈلا رہے ہیں جن سے حادثات کے دوران متعدد بار قیمتی جانیں بھی ضائع ہو جاتی ہیں، لیکن معاملات جوں کے توں ہیں۔ چوک گھنٹہ گھر کے اطراف متعدد بازاروں، ریکس سٹی سمیت متعدد ایسے مقامات ہیں جہاں یہ الجھے اور بکھرے بجلی کے تار شہریوں کو خوف میں مبتلا کئے رکھتے ہیں، شہری دعویٰ کرتے ہیں کہ متعدد بار فیسکو حکام کو آگاہ کیا مگر ان کی کوئی نہیں سنتا۔ ریسکیو اعدادو شمار کے مطابق رواں سال شہر میں کرنٹ لگنے کے 34 واقعات پیش آئے اور بیش تر قیمتی جانیں لقمہ اجل بن گئیں، متعدد جھلس کر اسپتال بھی پہنچے۔ شہری کہتے ہیں کہ عام دنوں کی تو الگ بات ، برسات کے دنوں میں ان تاروں کو ایک جگہ اکٹھا رکھنے کی اشد ضرورت ہے۔ بجلی کے یہ بے ہنگم تار انسانی جانوں کیلئے سنگین خطرہ ہیں لیکن فیسکو حکام مسئلہ حل کرنے کے بجائے لمبی تان کے سو رہے ہیں۔