Thursday, May 9, 2024

بجلی کی قیمتیں مزید ایک روپے 80 پیسے فی یونٹ بڑھانے سے متعلق فیصلہ محفوظ

بجلی کی قیمتیں مزید ایک روپے 80 پیسے فی یونٹ بڑھانے سے متعلق  فیصلہ محفوظ
January 27, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) بجلی کی قیمتیں مزید ایک روپے 80 پیسے فی یونٹ بڑھانے سے متعلق نیپرا کی سماعت مکمل ہو گئی۔ ‏نیپرا نے فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔

سی پی پی اے نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں 1 روپے 80 ‏پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔ دوران سماعت نیپرا نے سوال اٹھائے کہ ‏دسمبر میں فرنس آئل پر بجلی کیوں پیدا کی گئی؟ پاور سیکٹر کو گیس کی مکمل سپلائی ‏کیوں نہیں ملی؟ پاور سیکٹر کے حصے کی گیس کہاں گئی؟ نیپرا نے وزارت توانائی سے ‏تمام ریکارڈ طلب کر لیا۔

نیپرا حکام نے کہا کہ اگر فرنس آئل سے پاورپلانٹ نہ چلائے ‏جاتے تو اضافہ روپے کی بجائے پیسوں میں ہوتا۔ 66 کروڑ50 لاکھ یونٹ بجلی ‏کے سستے پاور پلانٹس نہیں چلائے گئے۔ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں 10 ارب روپے ‏گزشتہ ادائیگیوں کے بھی شامل ہیں۔

چیئرمین نیپرا نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں ‏مطلوبہ اضافہ کیا جائے گا یا نہیں، فیصلہ اتھارٹی کرے گی۔ 1 روپے 80 پیسے فی یونٹ ‏اضافے کی صورت میں صارفین پر 13 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔ منظوری کی ‏صورت میں بجلی کی نئی قیمتوں کا اطلاق آئندہ ماہ ہو گا۔