Saturday, April 20, 2024

بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 78 پیسے فی یونٹ کمی کا امکان

بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 78 پیسے فی یونٹ کمی کا امکان
October 17, 2015
اسلام آباد (92نیوز) بجلی کی قیمتوں میں دو روپے 78پیسے فی یونٹ کمی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ بجلی کے نرخوں میں کمی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی جائے گی۔ اس سلسلے میں سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا کودرخواست دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کے نرخوں میں کمی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ماہ ستمبر کیلئے طلب کی گئی ہے۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے مطابق ستمبر کے دوران ہائی سپیڈ ڈیزل سے بجلی کی پیداواری لاگت تیرہ روپے چوبیس پیسے اور فرنس آئل سے سات روپے پچانوے پیسے فی یونٹ رہی۔ گیس سے پیداواری لاگت پانچ روپے اڑتالیس پیسے اور نیوکلیئر بجلی کی لاگت ایک روپیہ پندرہ پیسے فی یونٹ رہی۔ ایران سے درآمدی بجلی کے نرخ دس روپے پچاس پیسے فی یونٹ رہے۔ ستمبر کےلئے ریفرنس پرائس چھ روپے تنتالیس پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔ ستمبر میں بجلی کی اوسط پیداواری لاگت تین روپے پینسٹھ پیسے فی یونٹ رہی۔ بجلی کے نرخوں میں کمی کا حتمی فیصلہ نیپرا سماعت کے بعد کرے گی، کمی کا فائدہ صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں دیا جائے گا۔