Sunday, September 8, 2024

بجلی کا پیداواری نظام آؤٹ آف کنٹرول ،ملک کا ستر فیصد حصہ بریک ڈاؤن کا شکا ر

بجلی کا پیداواری نظام آؤٹ آف کنٹرول  ،ملک کا ستر فیصد حصہ بریک ڈاؤن کا شکا ر
January 21, 2016
اسلام آباد(92نیوز)بجلی کا پیداواری نظام آؤٹ آف کنٹرول ہوگیا بجلی کی پیدوار انتہائی کم ہونے کے باعث گدو پاور اسٹیشن میں سپارکنگ سے آگ لگ گئی،ملک کا ستر فی صد حصہ بریک ڈاؤن کا شکار ہوگیا. تفصیلات کےمطابق وزارت پانی وبجلی کے ذرائع نے 92 نیوز کو بتایا کہ سالانہ  نہر بندی کے باعث تربیلا اور منگلا ڈیم  میں بجلی کی پیداوار نہ ہونے کے برابر ہے،ملک کے شمالی حصے میں تھرمل پاور پلانٹس سے بجلی کی پیدوار بھی انتہائی کم ہےجبکہ جنوبی حصے میں پاور پلانٹس سے پیدا ہونے والی  بجلی سے پیداواری سسٹم  غیر مستحکم ہوگیا بجلی کی فریکوئنسی انتہائی کم ہوگئی،جس کے باعث گدو پاور اسٹیشن میں اسپارکنگ کی وجہ سے آگ لگ گئی۔اس واقعہ کے بعد تربیلا اور منگلا ڈیم کے گرڈ اسٹیشن ٹرپ کرگئے۔ تو نیشنل پاوور کنٹرول سسٹم نے سسٹم بچانے کے لیے بریک ڈاؤن کیا۔ ذرائع کہتے ہیں کہ بریک ڈاؤن سے بچنے کے لیے واپڈا نے چند روز قبل اچانک تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج بڑھا دیا جس کی وجہ سے چیشمہ ،کالا باغ،تونسہ اور سکھر بیراج پر جاری مرمتی منصوبے تباہ ہوگئے ارسا کے احتجاج پر اخراج روکا گیا لیکن تھرمل بجلی کی پیداوار میں توازن قائم نہیں رکھا جاسکا،اگر بجلی کے سسٹم کا توازن برقرار نہ رہا تو آنے والے دنوں میں بھی بریک ڈاؤن کا خدشہ ہے،،ترجمان وزارت پانی وبجلی کا کہنا ہے کہ بریک ڈاؤن سے معطل ہونے والی بجلی بتدریج بحال کی جارہی ہے۔ منگلا تربیلا پاور ہاؤس بحال ہوچکے ہیں،ملک کے دیگر حصوں میں بھی بجلی کی بحالی جلد  ہوجائے گی۔