Friday, April 26, 2024

کراچی میں ہلاکتوں کا بجلی سے کوئی تعلق نہیں !!! شارٹ فال صرف 3ہزار میگاواٹ ہے: خواجہ آصف

کراچی  میں ہلاکتوں کا بجلی سے کوئی تعلق نہیں !!! شارٹ فال صرف 3ہزار میگاواٹ ہے: خواجہ آصف
June 24, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف پارلیمنٹ میں اپنے منہ میاں مٹھو بنتے رہے اور اپنی وزارت کی تعریفوں کے پل با ندھتے ہوئے کہا دو برس میں بجلی کی ترسیل کا نظام بہتر ہوا ہے، بجلی کا شارٹ فال صرف تین ہزار میگاواٹ ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرمی اور لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ساڑھے سات سو سے زیادہ شہری موت کی وادی میں چلے گئے ہیں۔ قوم افسردہ ہے لیکن ان حالات میں بھی وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کراچی ہلاکتوں پر تو زیادہ بات نہ کی لیکن اپنی وزارت کی تعریف میں بہت آگے نکل گئے اور سارا ملبہ گزشتہ حکومت پر ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت نے گزشتہ سال کی نسبت 389 گیگاواٹ زیادہ بجلی پیدا کی ہے۔ آج صبح نو بجے ٹوٹل پیداوار 13 ہزار 140میگاواٹ اور طلب 16ہزار 645میگاواٹ تھی، شارٹ فال صرف تین ہزار میگاواٹ ہے۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان اسمبلی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور ایک نیا دعویٰ بھی کرڈالا کہ ایم کیو ایم کی بھی لوڈ شیڈنگ ہونے والی ہے۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے ایک بار پھر قوم کو لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے سبزباغ دکھائے اور دعویٰ کیا کہ 2017ءتک لوڈ شیڈنگ پر قابو پا لیا جائیگا۔