Sunday, September 8, 2024

بجلی پیدا کرنے میں ناکام پنجاب حکومت نے اشتہارات پر کروڑوں روپے لٹا دیے

بجلی پیدا کرنے میں ناکام پنجاب حکومت نے اشتہارات پر کروڑوں روپے لٹا دیے
March 15, 2016
لاہور (92نیوز) پنجاب حکومت نے دعوے تو بڑے بڑے کئے لیکن بجلی کی پیداوار میں اضافہ کرنے میں ناکام رہی۔ الٹا منصوبوں کی تشہیر پر کروڑوں روپے اڑا دیے۔ نائنٹی ٹو نیوز نے وزیراعلیٰ کی جانب سے جاری کی گئی چار کروڑ کی خصوصی گرانٹ کی سمری کی نقل حاصل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے نندی پور، چولستان اورساہیوال پاور کے منصوبوں کے خاطرخواہ نتائج حاصل نہ ہونے پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو شدید عوامی تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس سے بچنے کیلئے کروڑوں روپے اشتہاروں پر خرچ کر دیے گئے۔ چار کروڑ روپے سے خصوصی اشتہاری مہم چلائی گئی اور اخبارات اور ٹی وی چینلز کو اشتہار دیے گئے اور اس کیلئے قواعد و ضوابط کی بھی دھجیاں اڑا دی گئیں۔ پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی پی پی ڈی سی نے اشتہارات کا بجٹ نہ ہونے کے باوجود وزیراعلیٰ پنجاب سے خصوصی طور پر چار کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کروائی۔ اس سمری کی نقل نائنٹی ٹو نیوز نے حاصل کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے جاری کئے گئے خصوصی فنڈز کو اشتہارات کی نذر کر دیا گیا۔