Thursday, April 25, 2024

 بجلی بلوں پر یکمشت سرچارج  کی وصولی معطل

 بجلی بلوں پر یکمشت سرچارج  کی وصولی معطل
July 9, 2015
اسلام آباد(92نیوز)سپریم کورٹ نے چار نجی کمپنیوں سے بجلی کے بلوں میں یکمشت سرچارج کی وصولی کو روکنے کا حکم دے دیا، عدالت نے ہدایت کی ہے کہ سرچارج قسطوں میں وصول کیا جائے۔ تفصیلات کے  مطابق چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بجلی کے بلوں میں سرچارج سے متعلق کیس کی سماعت کی، درخواست گزار نجی کمپنیوں کے وکیل سلمان اکرام راجہ نے عدالت کو بتایا کہ بجلی کے بلوں میں سرچارج غیر قانونی ہے ۔ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل ہونے کے بعد واپڈا نے بقایاجات وصو ل کرنے شروع کردیئے ہیں جس کی یکمشت ادائیگی مشکل ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کی استدعا منظور کرتے ہوئے واپڈا کو یکمشت ادائیگی سے روک دیا، اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سرچارج کی مد میں وصول ہونے والی رقم سرکلر ڈیٹ کی ادائیگی میں دی جاتی ہے،وصولی روکی گئی تو بجلی کی پیداواری کمپنیوں کو مشکل ہوگی اور لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو گا،جس پر عدالت نے سرچارج کو  بجلی کے بلوں میں یکمشت کے بجائے قسطوں میں وصول کرنے کی ہدایت دے دی۔ کیس کی مزید سماعت اگست کے تیسرے ہفتے میں ہوگی۔