Thursday, March 28, 2024

بجلی بحران بے قابو !!! شہر شہر مظاہرے !!! گرمی کے ستائے لوگ سڑکوں پر نکل آئے

بجلی بحران بے قابو !!! شہر شہر مظاہرے !!! گرمی کے ستائے لوگ سڑکوں پر نکل آئے
June 22, 2015
ملتان / فیصل آباد/ صوابی (92نیوز) ملک بھر میں بجلی بحران بے قابو، گھنٹوں لوڈ شیڈنگ پر فیصل آباد میں بکر منڈی روڈ پر لوڈشیڈنگ کے ستائے شہری سڑکوں پر چلے آ ئے۔ فیسکو آفس کے سامنے احتجاج، صوابی میں بھی مظاہرہ۔ تفصیلات کے مطابق لوڈشیڈنگ پر آج بھی ملک کے مختلف شہروں ملتان، فیصل آباد، صوابی، ملکوال، ٹنڈو الٰہ یار اور دیگر شہروں میں مظاہرے کئے گئے۔ فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہری سراپا احتجاج رہے ، شہریوں نے کئی کئی گھنٹہ تک کی لوڈشیڈنگ کے خلاف سڑکوں پر لیٹ کر حکومت خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ فیصل آباد کی بکر منڈی روڈ پر اہل علاقہ نے فیسکو سب ڈویژن دفتر کے سامنے بجلی کی بندش اور ٹرانسفارمر کی مرمت نہ ہونے پر احتجاج کیا اور حکومت مخالف نعرے بازی کی۔ ملک وال میں بھیرہ روڈ کے تاجروں اور مکینوں نے بجلی کی سات دن سے بندش کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ٹائروں کو آگ لگا کر بھیرہ موٹر وے لنک روڈ بلاک کر دی اور حکومت کیخلاف شدید نعرہ بازی کی۔ تاجر اور ن لیگی رہنما مرزا محمد اکبر نے اپنی قمیض اتار کر احتجاج کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے کہا کہ وہ صرف لاہور پر ہی توجہ نہ دیں بلکہ ہمیں بھی بجلی دیں۔ یہاں نماز، تراویح ، افطاری، سحری کے اوقات میں بجلی بند کر دی جاتی ہے، چار دن سے بجلی کے بغیر ہی سحری ، افطاری کر رہے ہیں جبکہ نمازیں بھی شدید گرمی میں پڑھنے پر مجبور ہیں۔ حیسکو کی جانب سے شہری علاقوں میں دس سے بارہ جبکہ دیہی علاقوں میں بارہ سے پندرہ گھنٹوں بجلی کی غیراعلانیہ بندش کے خلاف ٹنڈوالہ یار ایکشن کمیٹی کی اپیل پر مکمل شٹرڈاو¿ن ہڑتال ہے۔ شہر کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز، گوشت مارکیٹ ، سبزی مارکیٹ ، پیٹرول پمپس بند ہیں، حیسکو آفس پر کسی بھی ممکنہ ردعمل کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔