Monday, September 16, 2024

بجلی ایک ماہ کیلئے تین روپے 83 پیسے سستی

بجلی ایک ماہ کیلئے تین روپے 83 پیسے سستی
February 2, 2016
اسلام آباد (92نیوز) نیپرا نے ایک ماہ کیلئے بجلی تین روپے تراسی پیسے فی یونٹ سستی کر دی۔ فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا سے دسمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 64 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست کی تھی تاہم سماعت کے موقع پر اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے بعد بجلی 3 روپے 83 پیسے فی یونٹ سستی کر دی گئی۔ نیپرا حکام کے مطابق دسمبر میں بجلی کی پیداواری لاگت چار روپے چھبیس پیسے فی یونٹ رہی جبکہ صارفین نے آٹھ روپے دس پیسے فی یونٹ ادا کئے۔ 20ارب روپے سے زائد کی اضافی ادا کی گئی رقم صارفین کو واپس کی جائے گی۔ فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر نہیں ہو گا۔ ماہانہ تین سو یونٹ استعمال کرنے والے صارفین بھی ریلیف سے محروم رہیں گے۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آئندہ ماہ ہو گا۔ سماعت کے دوران نیپرا اتھارٹی نے این ٹی ڈی سی حکام سے استفسار کیا کہ فرنس آئل سستا ہونے کے باوجود پاور پلانٹس کو ڈیزل پر کیوں چلایا جا رہا ہے۔ جب فرنس آئل سستا ہے تو طلب کے مطابق بجلی پیدا کیوں نہیں کی جا رہی۔ بہت سے کم لاگت کے بجلی گھر بند کیوں پڑے ہیں۔ نیپرا نے این ٹی ڈی سی حکام سے اس معاملے پر 7 دنوں میں تحریری جواب طلب کر لیا۔