Friday, April 26, 2024

بجلی ایک روپے 81 پیسے فی یونٹ سستی کر دی گئی

بجلی ایک روپے 81 پیسے فی یونٹ سستی کر دی گئی
December 1, 2015
اسلام آباد (92نیوز) نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی۔ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اکتوبر کے لیے صارفین کو 21 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔ سستی بجلی کا ریلیف 300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو نہیں ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا میں ہونے والی سماعت کے دوران سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اتھارٹی کو بتایا کہ اکتوبر کے مہینے 8 ارب 10 کروڑ 70 لاکھ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جس کی لاگت 44 ارب 77 کروڑ روپے رہی۔ پن بجلی کی پیداوار 2 ارب 49 کروڑ یونٹ رہی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل سے 17 کروڑ 20 لاکھ یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔ فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت 7 روپے 25 پیسے فی یونٹ رہی۔ 12 پیسے فی یونٹ بجلی چوری اور لائن لاسز کی نذر ہو گئی۔ اس کے باوجود بجلی کی مجموعی پیداواری لاگت 7 روپے 33 پیسے سے کم ہو کر 5 روپے 52 پیسے رہی ہے جس کا ریلیف صارفین کو دیا جائے۔ اتھارٹی نے سماعت مکمل کرتے ہوئے ایک ماہ کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 1 روپے 81 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صارفین کو 21 ارب روپے کا ریلیف ملے گا لیکن 300 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین اس ریلیف سے محروم رہیں گے۔