Sunday, September 8, 2024

باچاخان یونیورسٹی کی تحقیقات کیلئے کمشنر پشاور کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم

باچاخان یونیورسٹی کی تحقیقات کیلئے کمشنر پشاور کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم
January 22, 2016
پشاور(92نیوز)خیبرپختونخوا اپیکس کمیٹی نے باچا خان یونیورسٹی حملہ کی تحقیقات کےلئے کمشنرپشاورکی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کردی کمیٹی یونیورسٹی کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ اور ذمہ داروں کا تعین کرکے پانچ روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔ تفصیلات  کےمطابق پشاور میں منعقدہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں باچا خان یونیورسٹی چارسدہ پر دہشت گردوں کے حملے کی تحقیقات کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی۔ کمشنرپشاور ڈویژن اس کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ کمیٹی حملہ کے روزباچاخان یونیورسٹی میں کئے گئے سیکورٹی انتظامات کاجائزہ لے گی۔ جبکہ کمیٹی کو یونیورسٹی کی سیکورٹی میں غفلت برتنے والوں کی نشاندہی ہونے پر ذمہ داروں کا تعین کرنے کا ٹاسک بھی سونپا گیا ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی کوپانچ روز کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان کی صدارت میں ہونے والے اپیکس کمیٹی کے غیرمعمولی اجلاس میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان،چیف سیکرٹری امجد علی خان اورآئی جی پولیس ناصر درانی کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اپیکس کمیٹی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ باچاخان یونیورسٹی حملہ میں ملوث گروہ اور سہولت کاروں کے بارے اہم معلومات پر موثر کارروائی کی گئی ہےکمیٹی کو بتا یا گیا کہ پولیس اورفرنٹیئرکانسٹیبلری کی استعداد اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات کے لئے وفاق کو سفارشات بھیجی گئیں۔