Sunday, September 8, 2024

باچاخان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کا حملہ‘ پروفیسر سمیت 23 افراد شہید

باچاخان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کا حملہ‘ پروفیسر سمیت 23 افراد شہید
January 20, 2016
چارسدہ (92نیوز) چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گردوں نے دھاوا بول دیا۔ فائرنگ اور دھماکوں سے یونیورسٹی لرز اٹھی۔ دہشت گردوں نے عقبی دیوار سے داخل ہو کر فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد عمارت سے ملحق گرلز ہاسٹل میں بھی گھس گئے۔ پاک فوج کے کمانڈوز اور سکیورٹی اہلکاروں نے یونیورسٹی کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کیا۔ چار دہشت گرد مارے گئے جبکہ پروفیسر اور طلباءسمیت 23افراد شہید ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بھاگتے اور بکھرے ہوئے دہشت گردوں کا پھر بزدلانہ وار۔ نہتے طلباءپر گولیاں چلا دی گئیں۔ چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی میں محفل مشاعرہ سے چند لمحوں قبل دہشت گردوں نے اچانک دھاوا بول دیا اور فائرنگ شروع کر دی۔ دہشت گرد عقبی دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے اور مرکزی ہال میں دھماکے بھی کئے۔ دہشت گرد یونیورسٹی کی عمارت سے ملحق گرلز ہاسٹل میں بھی گھس گئے جہاں 80کے قریب طالبات بھی موجود تھیں۔ فائرنگ اور دھماکوں سے علاقہ گونجتا رہا جبکہ شہر بھر کے تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں میں خود کش بمبار بھی شامل تھے جنہوں نے یونیورسٹی احاطے میں خود کو اڑا لیا جبکہ ان کی تعداد آٹھ سے دس تھی۔ واقعے کے بعد ضلع بھر کی پولیس نفری اور سکیورٹی حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور یونیورسٹی کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کر دیا۔ حملے کے فوری بعد راولپنڈی سے کمانڈوز کا خصوصی دستہ بھی بروقت پہنچا اور آپریشن شروع کر دیا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے مطابق یونیورسٹی میں تین ہزار کے قریب طلباءزیر تعلیم ہیں جبکہ مرکزی ہال میں چھ سو کے قریب طلباءموجود تھے جبکہ کچھ دیر قبل ہی مشاعرہ شروع ہونا تھا۔ سابق وزیر شوکت یوسفزئی موقع پر پہنچے اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دہشت گرد کبھی بھی مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے۔ ادھر ڈی ایچ کیو اسپتال کے ایم ایس کے مطابق زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت نازک ہے۔