Sunday, September 8, 2024

باچاخان یونیورسٹی پر دہشت گردانہ حملے کا مقدمہ درج

باچاخان یونیورسٹی پر دہشت گردانہ حملے کا مقدمہ درج
January 21, 2016
چارسدہ (ویب ڈیسک) چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر حملے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جبکہ آج ملک بھر میں سرکاری سطح پر یوم سوگ منایا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق باچاخان یونیورسٹی پر حملے کی ایف آئی آر ایس ایچ او تھانہ سرڈھیری کی مدعیت میں محکمہ انسداد دہشت گردی مردان میں نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف درج کی گئی ہے۔ ایف آئی آر میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، پولیس پر حملے، املاک کو نقصان پہنچانے اور اسلحہ رکھنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے میں 21 افراد ہلاک جبکہ فوج کے آپریشن میں چار دہشت گرد مارے گئے تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے ملک بھر میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہوا ہے جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر اہم قومی عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔ چارسدہ کی ضلعی انتظامیہ نے ضلع کے تمام تعلیمی ادارے 31 جنوری تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔