Friday, March 29, 2024

باٹا پور، 2 گروپوں میں فائرنگ، 5 افراد قتل، مرکزی ملزم سمیت 2 گرفتار

باٹا پور، 2 گروپوں میں فائرنگ، 5 افراد قتل، مرکزی ملزم سمیت 2 گرفتار
November 9, 2019
لاہور (92 نیوز) باٹا پور کے علاقہ میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد قتل ہوگئے، پولیس نے مرکزی ملزم سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ باٹاپور میں چند روز قبل امجد گروپ کی فائرنگ کے باعث رفافت گروپ کا ایک شخص زخمی ہوگیا تھا، گزشتہ روز دونوں پارٹیوں کو پولیس نے چوکی واہگہ میں تفتیش کی غرض سے بلوایا، راستے میں دونوں گروپ آمنے سامنے آگئے۔ فائرنگ کے تبادلہ میں 40 سالہ امجد، 35 سالہ عمران، 30 سالہ اعجاز اور 35 سالہ ظفر موقعہ پر دم توڑ گئے۔ فائرنگ کی زد میں آنے والا راہگیر منیر زخموں کی تاب نہ لاتے اسپتال میں چل بسا۔ متعلقہ پولیس کے مطابق امجد گروپ کی فائرنگ سے ایک شخص رفاقت گروپ کا زخمی ہوا، فائرنگ کلاشکوف، 30 بور پسٹل اور 9 ایم ایم پستول سے کی گئی، فائرنگ کرنے والے ملزمان موقعہ سے فرار ہوگئے۔ ترجمان پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں غلام مصطفی، امتیاز اور نذیر زخمی ہوئے، فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ، دیگر افسران اور فرانزک ٹیمیں موقعہ پر گئیں، ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ جائے وقوعہ سے ضروری شواہد اکٹھے کیے گئے جبکہ جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں۔ ایس پی کینٹ کا کہنا تھا کہ دونوں گروپوں کے درمیان فائرنگ معمولی پراپرٹی کے تنازعہ پر کی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، مرکزی ملزم رفاقت کو زخمی حالت میں میو اسپتال سے گرفتار کیا گیا، ایک اور ملزم کو بھی پولیس نے شک کی بنیاد پر حراست میں لے لیا۔ آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے باٹا پور میں فائرنگ سے 5 افراد کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ملزمان کے خلاف فوری قانونی کارروائی اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کا بھی حکم دیدیا۔