Wednesday, April 24, 2024

بانی ایم کیوایم کیخلاف دہشتگردی اور منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل کرنیکی منظوری

بانی ایم کیوایم کیخلاف دہشتگردی اور منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل کرنیکی منظوری
July 6, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ایم کیوایم لندن کے حامیوں کا کراچی میں اثرورسوخ کا انکشاف ہوا ہے۔ وفاقی حکومت نے بانی متحدہ کیخلاف دہشتگردی، منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل کر نیکی منظوری دے دی۔ قانون انصاف ڈویژن کیس منتقلی کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرے گی۔ اسلام آباد کیس منتقلی سے تحقیقات کو جلد مکمل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ چار سال گزرنے کے باوجود کراچی میں ایم کیو ایم لندن کے حامی اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے اثرورسوخ کا انکشاف ہوا ہے۔ وفاقی حکومت نے تحقیقاتی افسر، پراسیکیوٹر، گواہان اورثبوتوں کو ممکنہ خطرات کے پیش نظر بانی ایم کیوایم کیخلاف دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کا کراچی میں انڈر ٹرائل کیس انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد منتقل کرنے کی منظوری دیدی 92 نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق وزارت داخلہ کی سمری پر وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے منظوری دی۔ اسلام آباد کیس منتقلی سے تحقیقات کیلئے وقت اور وسائل کو بچایا جا سکے گا کیونکہ برطانیہ اور کینیڈا سے رابطہ کی صورت میں ہائی کمیشن، دفتر خارجہ، انٹر پول کے دفاتر اسلام آباد میں موجود ہیں۔ کیس منتقلی کیلئے وفاقی حکومت کو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی بھی منظوری درکار ہوگی جس کیلئے قانون انصاف ڈویژن معاملہ ہائیکورٹ کے سامنے رکھے گی۔ کراچی کے رہائشی کی کیس منتقلی کے خلاف درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے قرار دیا تھا کہ کیس منتقل کرنے کا فیصلہ اے ٹی اے 1997کے سیکشن28(5)کے تحت نہیں کیا گیا۔ جبکہ اس کیلئے چیف جسٹس کی اجازت اور وفاقی کابینہ کی منظوری بھی لازمی ہے۔