Friday, March 29, 2024

بانی ایم کیو ایم نے لندن میں پارٹی کا انٹرنیشنل سیکرٹریٹ دس لاکھ پاؤنڈ میں فروخت کیلئے رکھ دیا

بانی ایم کیو ایم نے لندن میں پارٹی کا انٹرنیشنل سیکرٹریٹ دس لاکھ پاؤنڈ میں فروخت کیلئے رکھ دیا
March 3, 2020
 لندن (92 نیوز) بانی ایم کیو ایم نے لندن میں پارٹی کا انٹرنیشنل سیکرٹریٹ دس لاکھ پاؤنڈ میں فروخت کیلئے رکھ دیا۔ دو ماہ میں کوئی شخص ایم کیو ایم کے دفتر کی عمارت خریدنے نہ آیا۔ لندن میں ایم کیوایم کا انٹرنیشنل سیکرٹریٹ کسی دور میں سیاسی وتنظیمی سرگرمیوں کا گڑھ تھا۔ اس سیکرٹریٹ  میں بیٹھ کر بانی ایم کیوایم کراچی شہر کی سیاست کی ڈوریں ہلایا کرتے تھے اور آج نوبت یہاں تک آن پہنچی ہے کہ وہ پائی پائی کے محتاج ہو چکے ہیں۔ ان کے پاس اولڈ بیلی کی عدالت میں  اپنے خلاف درج مقدمات لڑنے کیلئے پیسے نہیں ہیں ۔ اس لئےانہوں نے ایم کیوایم کا انٹرنیشنل سیکرٹریٹ فروخت کرنے کا اشتہار لگا دیا ہے۔ میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل سیکرٹریٹ کو دس لاکھ پاؤنڈ میں فروخت پر لگایا گیا ہے۔ اس سیکرٹریٹ میں  چھ کاریں پارک کرنے کی گنجائش ہے۔ یہ ایج وئیر انڈرگراونڈ اسٹیشن سے چند قدم کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس میں پسنجرلفٹ ، ریسپشن ،اور ایئرکنڈیشننگ کا نظام موجود ہے۔ یہ آفس کئی ہفتے سے فروخت کیلئے پیش کیا گیا ہے لیکن دو ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود ابھی تک کسی خریدار نے رابطہ نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق درجنوں لوگ اس دفتر کا دورہ کر چکے ہیں لیکن ابھی تک کسی نے خریداری پر رضا مندی ظاہر نہیں کی ۔ عمارت کے باہر برائے فروخت کا اشتہار بھی چسپاں ہے۔ ایجوائر کے دو مقامی اسٹیٹ ایجنٹس کے پاس ایم کیو ایم سیکرٹریٹ برائے فروخت کے اشتہار  موجود ہیں۔ ایم کیوایم سکریٹریٹ کی ممکنہ فروخت کی خبر پر پاک سرزمین پارٹی کے رہنما شبیر قائم خانی کا کہنا ہے بانی ایم کیوایم مکافات عمل  کا شکار ہے۔ انہوں نے ماضی میں جو بویا وہی کاٹ رہے ہیں۔