Thursday, April 25, 2024

بانی ایم کیو ایم لندن جیل سے ضمانت پر رہا

بانی ایم کیو ایم لندن جیل سے ضمانت پر رہا
June 12, 2019

لندن (92 نیوز) بانی ایم کیو ایم الطاف حسین لندن جیل سے ضمانت پر رہا ہو گئے۔ کراؤن پراسیکیوشن کا ثبوت ناکافی ہونے کی بنا پر فی الوقت چارج شیٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے اشتعال انگیز تقاریر کے الزام میں گزشتہ روز گرفتار کیا تھا۔

متحدہ بانی کے لئے لندن میں مشکلات بڑھ گئی۔ ساری رات  حوالات میں گزارنا پڑی اور آج بھی تحقیقات ہوتی رہی۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کے مطابق الطاف حسین کو نفرت آمیز اور تشدد پر اکسانے والی تقاریر کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔ برطانوی پولیس اہلکاروں نے ان کے گھر اور دفتر کی الگ الگ تلاشی بھی لی اور ضروری سامان بھی قبضے میں لے لیا۔

الطاف حسین کو لندن میں پانچ برس پہلے دو ہزار چودہ میں بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ اس وقت برطانوی پولیس ان کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات میں تفتیش کر رہی تھی۔ بعد میں یہ تفتیش ثبوت ناکافی ہونے کی بنا پر آگے نہ بڑھ سکی تھی۔

الطاف حسین پر ڈاکٹر عمران فاروق کے لندن میں قتل کے حوالے سے بھی الزامات ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ان سے لاتعلقی کر چکی ہے اور الطاف حسین کی قیادت والی ایم کیو ایم کئی دھڑوں میں بٹ چکی ہے۔ کراچی میں ایم کیو ایم کے باعث اس خوف کا خاتمہ ہو چکا ہے، جس سے چند سال پہلے تک پورا شہر متاثر تھا۔

الطاف حسین 1992 سے لندن میں مقیم ہیں۔ انہوں نے برطانیہ میں اس بنا پر سیاسی پناہ لی تھی کہ پاکستان میں ان کی جان کو خطرہ تھا۔ بعد میں انہوں نے برطانوی شہریت بھی اختیار کر لی تھی۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کے خلاف الزامات کی تحقیقات میں انہیں پاکستانی حکومت کا تعاون بھی حاصل ہے۔

دوسری طرف وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری کہتے ہیں الطاف حسین کےخلاف ہر محب وطن شہری کو تحفظات تھے۔ ملکی ترقی کیلئے نئی ترجیحات کے تعین کا وقت آ گیا۔ پاکستان دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہر ایک کو منطقی انجام تک پہنچنا ہو گا۔