Thursday, March 28, 2024

بالی وڈ سپرسٹار سلمان خان غیرقانونی اسلحہ کیس میں بری

بالی وڈ سپرسٹار سلمان خان غیرقانونی اسلحہ کیس میں بری
January 18, 2017

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی وڈ سپرسٹار سلمان خان کو عدالت نے غیرقانونی اسلحہ کیس میں بری کر دیا۔ سلمان خان پر الزام تھا کہ انہوں نے ہرن کے شکار کیلئے بغیر لائسنس اسلحہ استعمال کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق بالی وڈ کے اداکار سلمان خان پرالزام تھا کہ انہوں نے انیس سو اٹھانوے میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران غیرقانونی طور پر بغیر لائسنس یافتہ بندوق سے نایاب ہرن کا شکار کیا تھا۔ سلمان خان اٹھارہ سال تک اس کیس میں چار مختلف الزامات کا سامنا کرتے رہے جس کے دوران انہیں کبھی ایک تو کبھی دوسری عدالت کے چکر کاٹنے پڑے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سلمان خان کے خلاف الزامات کو پوری طرح ثابت کرنے کے لیے استغاثہ کی جانب سے وافر شواہد پیش نہیں کیے گئے لہذا سلمان خان کو شک کا فائدہ دیکر بری کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل راجستھان کی ہائی کورٹ نے سلمان خان کو کالے ہرنوں کے غیرقانونی شکار کے دو مقدمات میں بری کردیا تھا۔

ریاستی حکومت اس فیصلے کو پہلے ہی سپریم کورٹ میں چیلنج کرچکی ہے۔ سلمان خان اپنی بہن الویرا کے ہمراہ جودھ پور کی عدالت پہنچے تو اس موقع پر مداحوں کی ایک بہت بڑی تعداد اپنے محبوب فنکار سے اظہار یکجہتی کے لیے عدالت کے باہر موجود تھی۔ سلمان خان کے خلاف اسی کیس میں مزید ایک الزام کی سماعت اگلے بدھ کو ہوگی۔