Friday, April 26, 2024

بالی وڈ اداکار دلیپ کمار کو پدما وبھوشن ایوارڈ سے نواز دیا گیا

بالی وڈ اداکار دلیپ کمار کو پدما وبھوشن ایوارڈ سے نواز دیا گیا
December 13, 2015
ممبئی (ویب ڈیسک) بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے ترانوے سالہ اداکار دلیپ کمار کو ان کی رہائش گاہ پر پدما وبھوشن ایوارڈ پیش کیا۔ بھارتی حکومت نے پچیس جنوری دوہزار پندرہ کودلیپ کمارکے علاوہ امیتابھ بچن اور چند دیگر افراد کو پدماوبھوشن اعزاز دینے کا اعلان کیا تھا۔ اپریل کے دوران راشٹرپتی بھون میں ایوارڈ دینے کی تقریب میں صدر پرناب مکھرجی نے دیگر شخصیات کو یہ ایوارڈ پیش کیا تھا لیکن دلیپ کمار ناسازی صحت کے سبب وہاں نہیں پہنچ سکے تھے۔ میوہ کے پٹھان تاجر غلام سرور خان کے فرزند یوسف خان گیارہ دسمبر انیس سو بائیس کو پاکستان کے شہر پشاور کے محلہ قصہ خوانی میں پیدا ہوئے تھے۔ یوسف خان نے فلمی نام ”دلیپ کمار“ اپنایا اور مغل اعظم ، نیا دور، دیوداس، مدھومتی، آزاد،اندازاور لیڈر جیسی سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے منفرد جوہر دکھا کر خوب شہرت سمیٹی۔ دلیپ کمار اس سے پہلے پدم بھوشن ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں جبکہ انیس سو اکانوے میں انہیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھی دیا گیا۔