Tuesday, April 16, 2024

بالٹی مور: سیاہ فام نوجوان کی تدفین کے موقع پر ہنگامے، مشتعل نوجوانوں کا پولیس اور میٹرو بسوں پر پتھراؤ، سات پولیس اہلکار زخمی

بالٹی مور: سیاہ فام نوجوان کی تدفین کے موقع پر ہنگامے، مشتعل نوجوانوں کا پولیس اور میٹرو بسوں پر پتھراؤ، سات پولیس اہلکار زخمی
April 28, 2015
بالٹی مور (ویب ڈیسک) بالٹی مور میں پولیس حراست میں ہلاک ہونے والے سیاہ فام شخص کی تدفین کے بعد مشتعل نوجوانوں اور پولیس میں جھڑپیں، پتھراؤ سے سات پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ فریڈی گرے کی تدفین اور آخری رسومات نیو شیلو چرچ میں ہوئیں جس میں پچیس سو سے زائد افراد نے شرکت کی۔ فریڈی کی تدفین کے بعد نوجوان منڈاؤمن مال پر جمع ہو کر پولیس گردی کیخلاف احتجاج کرنے لگے اور انہوں نے سٹی بس سروس اور پولیس کی گاڑیوں پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ ہنگامے میں سات سے زائد پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جس پر پولیس نے انہیں منتشر ہونے کا حکم دیا لیکن مظاہرین نے پولیس احکامات نظرانداز کر دیئے۔ فریڈی کی تدفین میں بالٹی مور کانگرس کے رکن عالیجاہ کمنگز نے بھی شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فریڈی کے معاملے میں انصاف ہو گا، وہ معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور لوگوں کو مایوس نہیں کریں گے۔ تدفین میں جیسی جیکسن سینئر، گرے کی بہنوں، اہلخانہ، صدر اوباما کے نمائندے براڈرک جانسن کے علاوہ سیاہ فام باشندوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مشتعل نوجوانوں نے پولیس کی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی اور ان پر ڈنڈے برسائے وہ لوگ اقلیتوں خصوصاً سیاہ فام باشندوں کیخلاف پولیس مظالم کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ دوسری طرف حکام نے حملوں کے خطرے کے پیش نظر پولیس اہلکاروں کو چاق وچوبند رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ آخری رسومات کے دوران گرے کے سوتیلے والد نے یہ اشعار پڑھے: اس کے آنسو زمین تر کر سکتے ہیں لیکن تم نے ان آنسوؤں کو پونچھ دیا ہے۔