Saturday, May 4, 2024

بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری سے سردی کا راج برقرار

بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری سے سردی کا راج برقرار
January 11, 2019
مری (92 نیوز) ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری سے سردی کا راج برقرار ہے۔ روئی کے گالے برسنے سے ملکہ کوہسار کا حسن بھی دوبالا ہوگیا۔ مری میں پانچ روز کے وقفے کے بعد آسمان سے سفید گالے کیا گرے زمین پر ہر سو چاندی بکھر گئی۔ ملکہ کوہسار کا حسن نکھر گیا۔ دلفریب نظاروں نے ہر ایک کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔ سیاح کھنچے چلے آنے لگے۔ منچلے بھی موج مستی کرنے پہنچ گئے۔ مال روڈ پر لوگوں کارش لگ گیا۔ موسم کا مزہ لینے اہل خانہ کے ہمراہ سڑکوں پر نکل آئے۔ برف باری اور سائبیرین ہواؤں سےملک کے دیگر علاقوں میں بھی ٹھنڈ کی شدت برقرار ہے۔ گلت بلتستان ، استور ، غذر اور اسکردو میں آسمان سے اترتے  سفید گالوں نے بھی ہرطرف دلفریب نظارے بکھیر دیئے۔ دنیا کے بلند ترین سیاحتی مقام دیوسائی میں آٹھ فٹ تک پڑنے والی برف نے ہرشے جما دی۔ اپر دیر اور سوات میں زمین نے سفید چادر اوڑھ لی۔ کئی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہونے سے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ سردی اسکردو اور کالام میں پڑی جہاں پارہ منفی نو سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ گوپس اور استور میں درجہ حرارت منفی آٹھ ، ہنزہ منفی سات جب کہ جب کہ گلگت اور مالم جبہ میں پارہ نقطہ انجماد سے چار ڈگری نیچے گر گیا۔