Monday, May 6, 2024

بالائی علاقوں میں مون سون کا نیا سسٹم داخل ہو گیا

بالائی علاقوں میں مون سون کا نیا سسٹم داخل ہو گیا
July 12, 2018
اسلام آباد (92 نیوز)  برکھا رت آئی تو ساتھ سہانے موسم کی نوید بھی سنائی۔ بالائی علاقوں میں  مون سون کا نیا سسٹم داخل ہو گیا۔ شہر اقتدار میں بادل کھل کے برسے۔ ہری پورمیں بھی آسمان سے سفید موتیوں کی برسات سے گرمی کی چھٹی ہوئی تو ساتھ ہی ہر چیز بھی نکھر گئی۔ کالی گھٹاؤں نے سہانے موسم کو چار چاند لگا دیئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی بادلوں کا راج ہے۔ ٹھنڈی ہواؤں نے حبس اور گرمی  کو چلتا کر دیا۔ لاہور ڈویژن  اور گوجرانوالہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ چار روز تک جاری رہے گا۔  کشمیر، مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن میں بھی موسلادھار بارش  کی پیش گوئی کی ہے۔