Friday, April 26, 2024

بالائی علاقوں میں برفباری سے نظام زندگی درہم برہم

بالائی علاقوں میں برفباری سے نظام زندگی درہم برہم
January 14, 2020
پشاور ( 92 نیوز) ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں اور برفباری نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ۔ کالام، مالم جبہ میں چار جبکہ مہوڈنڈ، اتروڑ اورگبرال میں 5 فٹ تک برف باری ریکارڈ کی گئی ۔ دیربالا میں شدید برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بندہو گئیں ،متعدد سیاح گاڑیوں میں پھنس گئے،لواری ٹنل بھی تاحال ٹریفک کیلئے نہ کھولی جاسکی، سوات اور شانگلہ میں چار دن سے جاری برفباری کا سلسلہ تھم گیا، استور میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ شمالی علاقہ جات، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں اور برفباری نے نظام زندگی درہم برہم کردیا، دیربالا میں شدیدبرفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں ،گاڑیاں بند ہونے سے کئی مسافر پھنس گئے متعدد دیہات کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔لواری ٹنل بھی ٹریفک کیلئے نہیں کھولاجاسکا ، انتظامیہ کا کہنا ہے ، لواری ٹاپ سڑک پر سفر ممکن نہیں ،لوگ جانے سے اجتناب کریں۔ آزادکشمیر میں متعدد اضلاع، تحصیلوں اور دیہی علاقوں کے زمینی راستے بند ہیں ، شدید برفباری کے باعث وادی نیلم وادی لیپہ ویلی گریس ویلی کا زمینی رابطہ دارلحکومت مظفرآباد سے بدستور منقطع ہے۔ استور میں شدید برفباری کے باعث امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ ادھر سوات اور شانگلہ میں چار دن سے جاری برفباری کا سلسلہ تھم گیا، کالام اور مالم جبہ میں چار فٹ ، مہوڈنڈ ، اتروڑ اور گبرال میں پانچ فٹ تک برف باری ریکارڈ کی گئی۔