Wednesday, April 24, 2024

بالائی علاقوں میں برف باری سے چشمے منجمد ہو گئے

بالائی علاقوں میں برف باری سے چشمے منجمد ہو گئے
January 8, 2017

اسلام آباد (92نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری وقفے وقفے سے جاری ہے۔ پہاڑوں پر برف کی دبیز تہہ جمی ہوئی ہے۔ مالم جبہ میں ساڑھے چار اور کالام میں ڈھائی فٹ تک برف پڑ چکی ہے جبکہ کڑاکے کی سردی رگوں میں خون جمانے لگی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بادلوں نے میدانی علاقوں میں ڈیرے ڈالے تو پہاڑوں کو برف کے گالوں نے سفید رنگ میں رنگ دیا ہے۔ بالائی علاقوں اور کشمیر سے لے کر کراچی تک سردی کی شدت نے بسیرا کرلیا۔ وادی کوئٹہ اس وقت شدید سردی کی لپیٹ میں ہے جہاں آج حالیہ موسم کا سرد ترین دن ہے۔ قلات کو بھی سائبیریا سے آنے والی یخ بستہ ہواؤں نے گھیر لیا ہے جس کے بعد درجہ حرارت منفی نو سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔

کالام، راولاکوٹ، استور اور سکردو میں سفید موتیوں کی برسات کے بعد ہر شے برف میں چھپ گئی ہے۔ دیربالا میں ہرطرف برف ہی برف ہے۔ کاغان، ناران، چترال، شانگلہ، گلیات اور مری میں برف پڑنے سے زندگی ٹھٹھر گئی ہے۔ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں ہونے والی برفباری نے نظارے ہی  بدل دیے ہیں۔

پہاڑی مقامات پر برفباری کی وجہ سے کئی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہیں جس سے گاڑی کا پہیہ رک گیا ہے اور سیاح یخ بستہ وادیوں میں پھنس گئے ہیں جبکہ مقامی افراد کو کھانے پینے کی اشیا اور خشک لکڑی کی قلت کا سامنا ہے۔