Sunday, April 28, 2024

باسط علی کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے فارغ کر دیا گیا

باسط علی کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے فارغ کر دیا گیا
January 2, 2017

لاہور (92نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ جاگ گیا۔ محمود حامد کو تھپڑ مارنے کے جرم میں باسط علی کو خواتین کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے ہٹا دیا گیا۔ پی سی بی کے مطابق خواتین کرکٹ ٹیم کی کوچنگ بڑا حساس کام ہے اس لیے باسط علی کو ہٹایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان پی سی بی کی جانب سے باسط علی کو ہٹائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ باسط علی نے چیئرمین پی سی بی کے ساتھ ملاقات میں اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے محمود حامد کو تھپڑ مارا۔

انہوں نے بتایا کہ محمود حامد کے ساتھ بات چیت کے بعد معاملہ رفع دفع ہو گیا تھا تاہم چیئرمین پی سی بی نے ایکشن لیتے ہوئے کہا کہ خواتین کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنا بڑا حساس معاملہ ہے اس لیے باسط علی کو فوری طور پر خواتین ٹیم کی کوچنگ اور جونیئر ٹیموں کی ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق باسط علی مستقبل میں پاکستان کرکٹ بورڈ، اس کے تمام ڈیپارٹمنٹس اور ریجنز میں کوچنگ کے اہل ہوں گے۔