Friday, March 29, 2024

بارہ سو ارب کا حکومتی پیکیج صرف اعلان ہے، سراج الحق

بارہ سو ارب کا حکومتی پیکیج صرف اعلان ہے، سراج الحق
April 2, 2020
لاہور (92 نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے بارہ سو ارب کے پیکیج کا حکومت نے اعلان کیا ہے، جو صرف اعلان ہے، ہم زمینی حقائق میں کوئی سرگرمی نہیں دیکھ رہے۔ ہم چاہتے ہے نیا چندہ جمع کرنے کے بجائے حکومت پہلے فنڈز خرچ کرے۔ سراج الحق نے سندس فاؤنڈیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم بڑی دلیری کیساتھ اس وبا کا مقابلہ کر رہی ہے، ہم نے عہد کیا ہے ہم پوری قوم کو عالم اسلام کی طرف لائیں گے، دو دن قبل میں نے تمام مسلم ممالک کے سربراہان کو خط لکھا ہے۔ ان سے درخواست کی ہے کہ یہ ساری انسانیت اللہ تعالی کا کنبہ ہے، اس دنیا کو راحت بنانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے دن سے غفلت کا مظاہرہ کیا، اگر تفتان سے آنے والے لوگوں کے حوالے سے غفلت نہ برتی جاتی تو یہ وباء اتنی تیزی سے نہ پھیلتی، جو لوگ آئیسولیشن سنٹرز میں ہیں وہ رابطے کر کے کہتے ہیں ہمارے ساتھ بہت ابتر سلوک ہو رہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی بولے کہ سندس فاؤنڈیشن بہت بڑا کام کر رہا ہے،  تھیلیسیمیا کے بچوں کو خون دینا، دوائی دینا ان کو سہولیات دینا خوش آئند کام ہے، لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک بھر میں خون دینے کیلئے لوگ آنے میں دقت محسوس کرتے ہیں، بچوں کو ہر ہفتے تھیلیسیما کیلیے خون کی ضرورت رہتی ہے۔ میں نوجوانوں سے کہوں گا یہاں زیادہ سے زیادہ آکر خون دیں۔