Sunday, September 8, 2024

بارشیں کچے مکانوں کیلئے قہر بن گئیں‘ 30 افراد جاں بحق

بارشیں کچے مکانوں کیلئے قہر بن گئیں‘ 30 افراد جاں بحق
March 13, 2016
پشاور (92نیوز) ملک بھر میں جاری بارشیں بعض لوگوں کے لیے زحمت بن گئیں۔ مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد تیس سے تجاوز کر گئی۔ پشاور، مالا کنڈ، بنوں میں چھتیں گرنے سے دو بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق‘ بھکراور گوجر خان میں گھر کی چھت منہدم ہو گئی۔ چار افراد موت کی آغوش میں چلے گئے۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں سے مکانوں کی چھتیں گرنے اور مختلف حادثات میں دس افراد جاں بحق ہو گئے۔ کئی علاقوں میں کھڑی فصلوں کو نقصان۔ لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔ بلوچستان میں گزشتہ تین روز کے دوران ہلاکتوں کی تعداد اٹھارہ ہو گئی ہے۔ پنجاب کے شہر بھکر میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔ راولپنڈی کے علاقے بنگالی شریف میں چھت منہدم ہونے سے ماں اور دو بچے جاں بحق ہو گئے۔ بلوچستان کے علاقے پشین کی تحصیل حرمزئی میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت کردی۔ خیبرپختونخوا اور قبائلی علاقوں میں ہونے والی بارشوں سے چھتیں گرنے کے باعث پانچ افراد جاں بحق اور بیس زخمی ہو گئے۔ صوابی میں سات سال کی بچی بارشی پانی میں ڈوب گئی۔ مردان میں آٹھ مکانات کی چھتیں منہدم ہو گئیں۔ پی ڈی ایم اے نے صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو الرٹ جاری کر دیا۔