Monday, May 13, 2024

بارشوں کے باعث سندھ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

بارشوں کے باعث سندھ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ
July 5, 2020

کراچی ( 92 نیوز) بارشوں کے باعث سندھ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، کراچی شہر کے کون سے علاقوں کو زیادہ خطرہ ہے اور وہاں پر کیا حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔

کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، کراچی شہر میں نیو کراچی، گلبہار اور لیاقت آباد کےعلاقے زیادہ متاثرہ ہو سکتے ہیں، منظور نالہ اوور فلو ہونے سے اطراف کے علاقے بھی متاثر ہوں گے۔

ملیر ندی میں طغیانی آنے پر کورنگی اور قیوم آباد کے علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، نارتھ ناظم آباد، محمود آباد اور ان کے قریب موجود دیگر شہری علاقے بھی اربن فلڈ سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

عزیز بھٹی، پہلوان گوٹھ، اورنگی ٹاؤن، عظیم پورہ، گولڈن ٹاؤن، اعظم بستی، موچکو، شیر شاہ اور سولجر بازار کےعلاقوں میں بھی اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

مون سون سر پر آنے کے باوجود کراچی کے چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی نہیں کی جاسکی، گجر نالے میں کچرے کے ڈھیر لگے ہیں جس پر شہریوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

نالوں کی صفائی نہ ہونے پر فردوس شمیم نقوی اور نصرت سحرعباسی نے سندھ حکومت کو کھری کھری سنادی جبکہ ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی نے ورلڈ بینک سے ملنے والی امداد پر سوال اٹھادیا۔

نیو کراچی سمیت مختلف علاقوں میں نالوں سے کچرا نکالنے کا سلسلہ جاری ہے،سیکرٹری بلدیات روشن شیخ کا کہنا ہے کچرا برساتی نالوں سے نکال کر لینڈ فل سائٹ پر منتقل کیا جارہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے محکمہ بلدیات اور شہری حکومت نالوں کی صفائی کے دعوؤں کی بجائے عملی اقدامات کریں تاکہ اربن فلڈنگ سے بچا جاسکے۔